کھیل
Time 08 اگست ، 2020

پی سی بی کا ڈومیسٹک سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ

فوٹو: جیو نیوز

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے کووڈ 19 کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

‏ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ پورا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی کوشش کریں گے، دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارے ملک میں کرکٹ سے وابستہ افراد کے معاوضے بہت کم ہیں، اس لیے ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر میچز کم ہوں گے تو ان کی آمدنی کم ہو گی جو کہ موجودہ صورتحال میں مناسب نہیں ہے، ہمیں ان کا احساس ہے اس لیے میچز کم نہیں کیے جائیں گے تاکہ ان کی آمدنی کم نہ ہو، کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور دیگر لوگوں کو مالی مسائل سے کسی طور پر دوچار نہیں کرنا چاہتے۔

‏ ندیم خان نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے بائیو سیکیور ماحول درکار ہے اور اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں یہ ترجیح ہے کہ پورا سیزن کرایا جائے وہاں یہ ترجیح بھی ہے کہ صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل سے وابستہ ایک ایک فرد کی صحت پہلے ہے، کھیل ہی نہیں کسی بھی شعبے میں ایس او پیز پر عمل درآمد آسان نہیں رہا، اس لیے اب جب بائیو سیکیور بنائیں گے تو مسائل تو ہوں گے، یہ سب آسان نہیں ہو گا لیکن اس کے بغیر گزارا بھی نہیں ہے۔

‏ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ کھلاڑیوں، کوچز، میچ ریفریز، امپائرز اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کے کووڈ 19 ایس او پیز اور بائیو سیکیور ماحول کے حوالے سے سیشنز رکھیں جائیں گے جن کا سلسلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے، ہماری زمہ داری ہے کہ ہم سب کی صحت کا خیال رکھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم فول پروف انتظامات کریں گے اور ہماری کوشش بھی ہو گی کہ جو انتظامات کیے جائیں اور جو پروٹوکولز بنائے جائیں ان پر سب عمل کریں۔

‏ندیم خان نے کہا کہ کلب کرکٹ امیچر کرکٹ ہے، چونکہ گورننگ باڈی کی حیثیت سے کلب کرکٹ کو بھی مانیٹر کرنا ہماری زمہ داری ہے تو اس لیے بھی پروٹوکولز کا خیال رکھا جائے گا، یہ ایک بہت مشکل کام ہے، اور وہاں یہ سب کچھ کرنا آسان نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت دینا قابل ستائش ہے، بیک ٹو کرکٹ پالیسی کا جلد اعلان کر رہے ہیں، اس پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

‏ندیم خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا اب صرف عمل در آمد کرنے کا وقت ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے اعلانات جلد کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اگلے ماہ ٹی ٹونٹی کپ سے شروع ہونے جا رہا ہے جب کہ فرسٹ کلاس سیزن اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہو گا۔

مزید خبریں :