Time 09 اگست ، 2020
پاکستان

عالمی بینک میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلئے سمری سرکولیٹ کیے بغیر 4 نام وزیراعظم کو ارسال

فوٹو فائل

عالمی بینک میں پاکستان کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے سمری سرکولیٹ کیے بغیر ہی وزیراعظم عمران خان کو  چار ناموں کی فہرست بھجوا دی گئی۔ 

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد سمری مشہتر کیے بغیر وزیراعظم عمران خان کو 4 نام بھجوا دیے گئے۔

ترجمان وزارت اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک کی تعیناتی کے لیے سمری وزیراعظم کوبھجوائی جا چکی ہے، سمری میں تجویز کردہ نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا نام سرفہرست ہے جب کہ دیگر 3 امیدواروں میں سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اعجاز منیر اور ریٹائرڈ افسر طارق باجوہ کے نام شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ طارق باجوہ سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بینک رہ چکے ہیں اور معیار کے لحاظ سے سرفہرست ہیں مگر سمری میں ان کا نام سب سے آخر میں رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی بینک میں پاکستان کے نامزد ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکتوبر میں ریٹائر ہو رہے ہیں، پاکستان نے اکتوبر تک گریڈ 22 کے حاضر سروس یا ریٹائرڈ افسر کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نامزد کرنا ہے۔

 ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک کی تعیناتی کی سمری گریڈ 22 کے آفیشلز میں مشتہر کی جاتی ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ اس حوالے سے کسی قسم کی سمری سرکولیٹ ہی نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :