کھیل
Time 10 اگست ، 2020

پی سی بی کا عمراکمل کی سزا میں کمی کیخلاف عالمی عدالت جانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر عمراکمل کی سزا میں کمی کے خلاف عالمی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ نے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ تفصیلی فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد کیا اورعمر اکمل کیس میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائرکی جائے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت ایڈ جیو ڈی کیٹر کے فیصلے پراپیل ثالثی عدالت میں کی جا سکتی ہے اور کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزان میں قائم ہے۔

خیال رہے کہ انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈی کیٹر نے عمر اکمل کی اپیل پر ان کی سزا 36 ماہ سےکم کرکے 18 ماہ کردی تھی اور جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکھر نے ہمدردانہ رویہ اختیارکرتے ہو ئے پابندی کی مدت میں کمی کی تھی۔ 

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی انسداد بد عنوانی سے متعلق معاملات کو سنجیدگی سے لیتا ہے، اِن معاملات کے حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

بورڈ کے مطابق عمر اکمل جیسے سینیئر کرکٹر رابطوں سے آگاہ نہ کرنے کے نتائج سے واقف تھے، پی سی بی عمر اکمل جیسے قد آورکرکٹر پرپابندی عائد کرتے وقت فخرمحسوس نہیں کرتا تاہم قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے شخص سے ہمدردی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو دو مختلف اوقات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تین سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی تاہم بعد ازاں نڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈی کیٹر نے اپیل میں عمراکمل کی سزا 36 ماہ سےکم کرکے 18 ماہ کردی تھی۔

مزید خبریں :