کراچی: گلشن حدید میں شیر کمپاؤنڈ سے باہر نکل آئے، علاقے میں خوف و ہراس

 گلشن حدید معظم ٹاؤن کے ایک کمپاونڈ میں 6 شیررکھے گئے ہیں: سندھ وائللڈ لائف— فوٹو:فائل 

کراچی کے علاقے گلشن حدید کے معظم ٹاؤن میں شیر کمپاؤنڈ سے باہر نکل آئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سندھ وائلڈ لائف کے کنزرویٹر جاوید مہر کے مطابق گلشن حدید معظم ٹاؤن کے ایک کمپاونڈ میں 6 شیررکھے گئے ہیں، یہ شیراپنے پنجرے سے نکل کر کمپاؤنڈ میں آزاد گھوم رہے تھے،جنہیں رہائشی دیکھ کر خوف زدہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ شیرچار دیواری کے اندر تھے، سندھ وائلڈ لائف منی زوکا پرمٹ جاری کرتاہے لیکن پرمٹ میں گوشت خور جانور رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

جاوید مہر کا کہنا تھا کہ شیر اگر کمپاؤنڈ سے باہر نکلتے تو لوگوں کو نقصان پہنچا سکتے تھے، یہ پنجروں میں پرورش پانے والے شیر ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری ٹیم جب پہنچی تو اس وقت کمپاؤنڈ کا عملہ شیروں کو پنجرے میں بند کرچکا تھا تاہم شیر کے مالکان کو دستاویزات کے ہمراہ کل وائلڈ لائف بلایا ہے۔

دوسری جانب سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) ملیر کا کہنا ہے کہ گلشن حدید میں سوشل میڈیاپرشیرکی وائرل ہونے والی ویڈیو کی تحقیقات کی جارہی ہے، خوف و ہراس پھیلانے والوں کےخلاف کارروائی کریں گے۔

مزید خبریں :