12 اگست ، 2020
بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کرینہ کپور کے دوسری بار امید سے ہونے کی خبریں زیر گردش تھیں جس کی تصدیق خود بالی وڈ کی خوبصورت جوڑی نے کردی ہے۔
بھارتی اداکار جوڑی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی فیملی میں نئے فرد کا اضافہ ہونے والا ہے اور وہ اس پر بے حد خوش ہیں۔
مختصر بیان میں سیف علی خان اور کرینہ کپور نے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سیف علی خان کی بہن و اداکارہ سوہا علی خان سے اِس خوشخبری کے بعد رہا نہیں گیا اور انہوں نے بھی انسٹاگرام پر بھابھی کرینہ کو مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور دسمبر 2016 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
کرینہ کپور ان دنوں عامر خان کے ساتھ فلم ’ لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کے ہاں بچے کی پیدائش کب ہوگی فی الحال اس کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کی کرینہ سے یہ دوسری شادی ہے جب کہ ان کی پہلی شادی اداکارہ امریتا سنگھ سے ہوئی تھی اور ان سے بھی چھوٹے نواب کے 2 بچے ہیں جن میں اداکارہ سارہ علی خان اور ایک بیٹا ابراہیم علی خان شامل ہیں۔