دنیا
Time 13 اگست ، 2020

امریکی حکومت کا صدر ٹرمپ کے بالوں کا خیال رکھنے کیلئے انوکھا فیصلہ

فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکی حکومت نے صدر ٹرمپ کے بالوں کا خیال رکھنے کے لیے انوکھا فیصلہ کیا ہے جس میں نہانے کے لیے پانی کا استعمال بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 1992 کے امریکی قوانین کے مطابق امریکا میں شاور ہیڈ میں ایک منٹ کے دوران 9.5 لیٹر سے زائد پانی بہانے کی اجازت نہیں ہے لیکن امریکی انتظامیہ نے صدر ٹرمپ کو درپیش مسئلے کی وجہ سے اب اس پالیسی میں تبدیلی کی تجویز دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتطامیہ چاہتی ہے کہ پانی کے استعمال کی حدود کو بڑھایا جائے اور 9.5 لیٹر فی منٹ پانی کا استعمال پورے شاور ہیڈ کے بجائے اس کے ہر نوزل پر کیا جائے یعنی ایک منٹ میں شاور ہیڈ سے 9.5 لیٹر پانی بہانے کے بجائے اس کے ہر نوزل سے اتنا پانی استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

البتہ صارفین اور پانی کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے امریکی انتظامیہ کی اس تجویز کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اس حوالے سے شکایت کی تھی جس کے بعد امریکی محکمہ توانائی نے شاور رولز یا نہانے سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی تجویز دی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ جب آپ نہائیں تو پانی نہیں آتا، جب آپ ہاتھ دھونا چاہتے ہیں تو پانی نہیں آتا، تو ایسے میں آپ کیا کرتے ہیں؟ کیا آپ صرف وہاں دیر تک کھڑے ہوتے ہیں یا پھر دیر تک نہاتے ہیں؟

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے اور لوگوں کا نہیں پتا لیکن میرے بالوں کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے مگر اسے درست کرنا ہے۔

امریکی انتظامیہ کی تجویز پر  توانائی کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے گروپ اپلائنس اسٹینڈرڈ اویئرنس پروجیکٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اینڈریو ڈی لاسکی کا کہا تھا کہ یہ 'احمقامہ' فیصلہ ہے۔ 

اے پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار یا پانچ یا زیادہ نوزلز کے ذریعے آپ 10، 15 گیلن فی منٹ زیادہ پانی شاور ہیڈ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں جس سے آپ زیادہ جلدی باتھ روم سے فارغ ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ کو اچھے طریقے سے نہانے کی ضرورت ہے تو ہم ان کو اس سلسلے میں اچھی کنزیومر ویب سائٹس بتاسکتے ہیں جو انہیں اچھے شاور ہیڈز فراہم کرنے میں مدد دیں گی۔

مزید خبریں :