ملک میں جشن آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آج ملک کا 74 واں جشن آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

آج دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور سائرن بھی بجائے گئے جس کے بعد فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سےگونج اُٹھی۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور مشتاق احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے گارڈز کا معائنہ بھی کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی مزار قائد پہنچے جہاں دونوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور ملک کے لیے دعا کی۔

لاہور میں حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں  جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،  پاک فوج کے چوق و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ 

یوم آزادی شایان شان انداز سے منانے کے لیے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں۔

یوم آزادی پر گلی گلی، ہر محلے، چھوٹی بڑی شاہراہوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا جہاں نظر دوڑائیں سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے، مکانات، نجی اور سرکاری عمارتیں خوبصورتی برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجائی گئیں۔

تحریک آزادی میں اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات اور پروگرامات کا اہتمام کیا گیا، اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

جیو نیوز اور اس کی ٹیم کی جانب سے اہل وطن کو یوم آزادی مبارک ہو!

مزید خبریں :