دنیا
Time 15 اگست ، 2020

ویڈیو دیکھیں: بیروت دھماکوں سے انتہائی قریب موجود اسپتال میں تباہی کے مناظر

لبنان کے شہر بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے لرزہ خیز دھماکوں سے نہ صرف متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے بلکہ بڑے پیمانے پر تباہی بھی ہوئی۔

بیروت کے ساحلی پورٹ پر ہونے والے دھماکوں سے تقریباً ایک کلو میٹر پر موجود اسپتال میں شدید تباہی ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ سے موصول سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں دھماکوں نے کس طرح تباہی مچائی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکے کے وقت اسپتال میں ڈاکٹرز آپریشن کی تیاری کررہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوگیا جس سے اسپتال میں شدید تباہی ہوئی اس سے اسپتال کے کمرے، کھڑکیاں، دروازے اور لیبر روم میں موجود بیڈز تک شدید متاثر ہوئی جس سے کئی نرسیں زخمی ہوگئیں۔

جب کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک نرس ہلاک بھی ہوئی تاہم دھماکے کے باوجود لیبر روم میں موجود ڈاکٹرز نے اپنا کام جاری رکھا۔

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکوں سے اسپتال کی بجلی منقطع ہوگئی تھی جس کے باعث خاتون کی زچگی موبائل فونز کی لائٹ کی روشنیوں میں کی گئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکوں سے اسپتال کو شدید نقصان پہنچا اور خاص طور پر آئی سی یو اور کورونا وارڈ بری طرح متاثر ہوا۔

واضح ہے کہ 4 اگست کو بیروت کے ساحلی پورٹ پر ہونے والے خوفناک دھماکوں میں 172 افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے جب کہ اسرائیل نے ان دھماکوں میں ملوث ہونے سے مکمل لاتعلق کا اعلان کیا ہے۔

بیروت دھماکوں کے بعد لبنانی وزیراعظم نے اسے غفلت اور کرپشن قرار دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا اور ان کی پوری کابینہ بھی مستعفی ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :