سیاحت کے فروغ کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ، اس حوالے سے بین الصوبائی روابط اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) برائے سیاحت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملک میں سیاحت کے فروغ اور اس حوالے سے بین الصوبائی روابط اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) برائے سیاحت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این سی سی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹورازم اتھارٹی کے قیام کے عمل کو جلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور سیاحتی مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سرکاری ریسٹ ہاؤسز، گورنر ہاؤسز و دیگر سرکاری گیسٹ ہاؤسز کے مثبت استعمال کے حوالے سے لیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد میں پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہاکہ ملک میں سیاحت کا بے انتہا پوٹینشل موجود ہے، ہمارا مقصد ملک کے طول و ارض میں پھیلے سیاحتی مقامات کو اس انداز میں ترقی دینا ہے کہ وہ ہماری تہذیب اور ہماری سماجی اقدار کی عکاسی کریں اور سیاحوں کے لیے سیاحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں۔

مزید خبریں :