24 اگست ، 2020
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں تیزاب گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پلاٹ کے تنازع پر ایک خاتون نے بھائی کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق 2 خواتین کیری بلوچ اور زینت، عاصمہ نامی خاتون کے گھر گئی تھیں کہ وہ ان کے پلاٹ سے قبضہ چھوڑے اور جو بھی لین دین کرنی ہے وہ کرلے لیکن عاصمہ نامی خاتون اور اس کے بھائی نے خواتین پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ جھلس گئیں۔
واقعے میں زینت نامی خاتون تیزاب سے زیادہ جھلسی ہے جب کہ تیزاب سے جھلسنے والی خواتین کو فوری طور پر سول اسپتال برنس وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس نے زینت کی مدعیت میں مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرکے عاصمہ کے بھائی کو گرفتارکرلیا جب کہ عاصمہ نامی خاتون فرار ہے جس کی تلاش کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق مذکور ہ پلاٹ کا تنازعہ عدالت میں بھی چل رہا ہے۔