Time 24 اگست ، 2020
پاکستان

قومی اسمبلی اجلاس میں شاہد خاقان اور اسپیکر کے درمیان تلخ کلامی

قومی اسمبلی کے اجلاس میں  مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے  خطاب کے دوران حکومتی بینچز سے چور چور کے نعرے لگائے گئے جس پر سابق وزیراعظم غصے میں آگئے۔

ایوان میں شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں  قومی احتساب بیورو(نیب) قوانین سمیت حکومت کو شدید تنقید بنایا، اس دوران  حکومتی بینچوں سے چور چور کے نعرے گئے جس پر شاہدخاقان عباسی غصہ ہوگئے۔

چور چورکے نعروں پر شاہد خاقان عباسی نے غصے میں جواب دیا کہ'چور آپ کا باپ ہے'، اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی مداخلت پر  شاہد خاقان ان پر بھی برس پڑے۔

شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ' اسپیکر شرم کریں اور  حکومتی ارکان کو تنقید سے روکیں'۔

اسپیکر قومی اسمبلی بھی ناراض ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ ' آپ وزیراعظم رہے ہیں، آپ حوصلہ پیدا کریں، اپنی زبان درست کریں'۔

 شاہ محمود کا شاہد خاقان سے معافی مانگنے کا مطالبہ 

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہد خاقان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ'شاہد خاقان نے جو الفاظ کہے وہ واپس لینے چاہئیں، ہوسکتا ہے انہوں نے جذبات میں کہہ دیاہو، انہیں اسپیکر سے معافی مانگنی چاہیے'۔

شاہ محمود قریشی کے مطالبے پر شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ 'میں معافی مانگوں اگر شاہ محمود بھی یقین دہانی کرائیں کہ یہ سچ بولیں گے' جس پر  شاہ  محمود قریشی نے کہاکہ 'میں نے سچ بولا تو یہ بے نقاب ہو جائیں گے، جو چیز پردے میں ہے وہ پردے میں رہنے دیں'

مزید خبریں :