Time 27 اگست ، 2020
پاکستان

اللہ رسول کی قسم کھاتا ہوں کبھی عوام کے پیسےکو نقصان نہیں پہنچایا: شہباز شریف

فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی قسم کھاتا ہوں کہ کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جج صاحب میں نے اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے، قومی خزانے کو آج تک نقصان نہیں پہچایا، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی اور خزانے سے تنخواہ نہیں لی۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اندر اربوں روپے کی سرمایہ کاری لیکر آیا ہوں، جج صاحب اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی قسم کھاتا ہوں کہ کبھی عوام کے پیسےکو نقصان نہیں پہنچایا۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ شہباز شریف صاحب، بے فکر رہیں، قانون کے مطابق بڑے غور سے عدالت الزامات کا جائزہ لے گی۔

فاضل جج نے مزید کہا کہ اگر آپ پر عائد الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ اس عدالت سے باعزت بری ہوں گے، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اللہ اور آپ کی عدالت پر یقین ہے۔

بعدازا ں عدالت نے شہباز شریف کی استدعا پر انھیں کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔

احتساب عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ آپ کی حاضری مکمل ہو چکی ہے، آپ جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :