Time 29 اگست ، 2020
پاکستان

ڈیفنس سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں تاحال بارش کا پانی موجود

فوٹو: سوشل میڈیا/اسکرین گریب

کراچی کے پوش ترین ایریا ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقے تاحال برساتی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش نے جہاں شہر کی کچی بستیوں اور پکی آبادیوں کو متاثر کیا تو پوش علاقے بھی برسات کے پانی سے محفوظ نہ رہ سکے۔

ڈیفنس کا شمار کراچی کے مہنگے ترین علاقوں میں ہوتا ہے لیکن دو روز قبل ہونے والی بارش کا پانی پوش علاقے کے کئی بنگلوں میں بھی داخل ہو گیا۔

شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے لیکن ڈیفنس میں خیابان اتحاد، خیابان مسلم، خیابان حافظ اور اطراف کی سڑکوں پر اب بھی دو دو فٹ تک پانی موجود ہے۔

ڈیفنس میں بارش سے متاثر کئی سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے ہیں، سڑکوں پر گڑھے پڑنے کی وجہ سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ شارع فیصل پر گورا قبرستان کے سامنے بھی بارش کا پانی جمع جب کہ مسلم جیم خانہ کے سامنے بھی پانی جمع ہے۔

کراچی کے بزنس حب آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی سٹی اسٹیشن اور ٹاور کے مقام پر پانی جمع ہے۔

ناظم آباد اور طارق روڈ انڈر پاس میں بھی کئی فٹ پانی موجود ہے جب کہ ڈرگ روڈ اندڑ پاس سے پانی کی نکاسی شروع کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :