30 اگست ، 2020
پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں منفرد اعزاز اپنے نام کر لیااور وہ 2000 رنز اور 50 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
39 سالہ محمد حفیظ اتوار کو 93 ویں مرتبہ پاکستانی کٹ پہنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے میدان میں اترے تو اننگز کے دوران ثاقب محمود کو چھکا لگاکر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کے 2000 رنز مکمل کرلیے۔
وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دوسرے پاکستانی اور مجموعی طور پر 9 ویں بیٹسمین ہیں۔
ان سے قبل پاکستان کے شعیب ملک بھی 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بناچکے ہیں لیکن محمد حفیظ نے دو ہزار رنز مکمل کرتے ہی منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
وہ بطور آل راؤنڈر مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں اور 2000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
ویمنز کرکٹ میں تین کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر، ڈیئنڈرا ڈوٹن اور نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔