Time 02 ستمبر ، 2020
کھیل

دورہ انگلینڈ مکمل ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے تاثرات

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا، بابر، ٹیسٹ سیریز کے نتائج اس طرح نہیں آسکے جس طرح ہم چاہتے تھے، اظہر علی— فوٹو: فائل

دورہ انگلینڈ مکمل ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بائیو سیکیور ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا، ایک دوسرے کے ساتھ بہت ہنسی مذاق رہا ، وقت گزرنے کا اندازہ نہیں ہوا، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا۔

بابر اعظم— فوٹو: فائل

بابر اعظم نے مزیدکہا کہ مشتاق احمد کے ساتھ کافی اچھا وقت گزرا ، انہوں نے دین اور دنیا دونوں پر بات کی، انگلش کرکٹ بورڈ نے بہترین سہولیات فراہم کیں، دو ماہ بہترین ماحول میں کرکٹ انجوئے کی۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے نتائج اس طرح نہیں آسکے جس طرح ہم چاہتے تھے، چیلنجنگ ماحول میں اچھی کرکٹ ہوئی جس سے مطمئن ہیں۔

اظہر علی — فوٹو: فائل

اظہرعلی نے کہا کہ بہترین ماحول میں سیریز کی بھرپور تیاری کی، ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع کم ملا، دورہ انگلینڈ میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، کھلاڑیوں کے لیے ’بائیو سیکیور ببل‘ میں تیاری کرنا بہت مشکل تھا، پاکستان ٹیم خوش قسمت رہی کہ انہیں اس ماحول میں بھی کرکٹ کھیلنے کو ملی۔

‏سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مجموعی طور پر ہمارا ٹور بہت اچھا رہا، کووڈ 19 کی وجہ سے ٹف حالات تھے، ہم باہر نہیں جا سکتے تھے ایک جگہ رہے، ای سی بی اور  پی سی بی کی جانب سے انتطامات بہت زبردست کیے گئے تھے۔

سرفراز احمد— فوٹو: فائل

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ میچ ہارے ضرور ہیں لیکن مجموعی طور پر کرکٹ اچھی کھیلی ہے،‏ دو ڈھائی ماہ ایسے رہ کر کھیلنا اور آخری میچ جیتان آسان نہیں تھا۔ 

سرفراز نے کہا کہ ٹیم گراؤنڈ میں لڑتی ہو ئی دکھائی دی جو کہ اچھی نشانی ہے، آنے سے پہلے دورہ انگلینڈ مشکل لگ رہا تھا لیکن یہاں بہت انجوائے کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہمیں یہاں سب سے زیادہ ہنسانے والے کا نام امام الحق ہے، فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں، اسی طرح سپورٹ کرتے رہیں۔

حیدر علی — فوٹو: فائل

قومی کرکٹر حیدر علی نے کہا کہ خوشی ہے ڈبیو پر ففٹی کی اور ٹیم کو بھی اس سے فائدہ ہوا، آئندہ بھی پاکستان کیلئے اس طرح کی پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا۔

حیدر علی نے کہا کہ انگلینڈ کا پہلا ٹور تھا ، یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں تھا، دو ماہ انگلینڈ میں گزارنے کے بعد یہاں کی کنڈیشنز اور پچز کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔

اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول میں رہے، شروع میں مشکل لگا لیکن بعد میں ایڈجسٹ ہوگئے، رات جب سارے مل کر بیٹھتے تھے تو حارث کے ساتھ شرارت کرتے تھے۔

حارث رؤف— فوٹو: فائل

فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ انگلینڈ کا دورہ کیا ، بہت کچھ سیکھنے کو ملا، سیریز کیلئے بہتر تیاری کی تھی جس کو میچ کےدوران اپلائی کیا۔

حارث رؤف نے کہا کہ وقار یونس نے بہت کام کیا اور اپنا تجربہ بھی شیئر کیا، بائیو سیکیور ببل کا تجربہ اچھا رہا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ مکمل ہوگیا ہے، دورے میں تین میچز کی ٹیسٹ سیریز 0-1 سے انگلینڈ کے نام رہی جبکہ تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔

مزید خبریں :