دنیا
Time 02 ستمبر ، 2020

بھارت نے پب جی سمیت 118 چینی ایپس بلاک کردیں

 پب جی دنیا بھر کے نوجوانوں میں معروف گیم ہے  اور بھارت میں اس کے تقریباً 5 کروڑ صارف ہیں،فوٹو:فائل

بھارتی حکومت نے آن لائن گیم 'پب جی' سمیت مزید 118 چینی ایپس پر پابندی عائد کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لداخ کے متنازع علاقے میں چین سے ہونے والی حالیہ جھڑپ اور سرحدی صورتحال کے بعد پب جی اور 118 چینی ایپس کو بھارت میں بلاک کردیاگیا ہے۔

بھارت کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہےکہ یہ فیصلہ ملکی سالمیت اور خود مختاری کے مفاد میں کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ آن لائن گیم پب جی دنیا بھر کے نوجوانوں میں معروف گیم ہے جب کہ  بھارت میں اس کے تقریباً 5 کروڑ صارف ہیں اور روزانہ سوا کروڑ سے زائد بھارتی پب جی استعمال کرتے ہیں۔

پب جی پر پابندی کے فیصلے کو بھارت میں تنقیدکا نشانہ بھی بنایاجارہا ہےکیونکہ  پب جی دراصل جنوبی کوریا کی کمپنی کی ملکیت ہے تاہم اس کا موبائل ورژن ایک چینی کمپنی نے بنایا ہے جو کہ صرف 10 فیصد شیئرز کی مالک ہے اور خود چین میں بھی اس ایپ پر پابندی عائد ہے۔

اس سے قبل لداخ کی  وادی گلوان میں چین کے ہاتھوں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھی بھارت میں ٹک ٹاک سمیت 59 چینی موبائل ایپس پر پابندی لگادی گئی تھی۔

مزید خبریں :