دنیا
Time 05 ستمبر ، 2020

سرحدی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت ہے، ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے: چینی وزیر دفاع

چینی فوج چین کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے باصلاحیت اور پرُاعتمادہے: چینی وزیر دفاع کا بھارتی وزیردفاع سے ملاقات کے بعد ردعمل— فوٹو: چینی میڈیا

چین کے وزیر دفاع جنرل وی فینگ نے بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سے ملاقات کے بعد سرحدی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت کو ہی قرار دے دیا۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگ نے ملاقات کی۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چین بھارت سرحدی کشیدگی کے بعد دونوں ممالک میں یہ پہلا اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے، ملاقات میں دوطرفہ کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد چینی وزیر دفاع کاکہنا تھا کہ چین بھارت سرحدی کشیدگی کی پوری ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے، چینی فوج چین کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے باصلاحیت اور پرُاعتمادہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اورچین کے درمیان تنازع ختم کرانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت چین صورتحال انتہائی خراب تھی، ہم سےکچھ ممکن ہوتو مدد کرنےکو تیار ہیں۔

خیال رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی رواں سال جون سے جاری ہے اور تین ماہ قبل چین اور  بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپوں میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی مارے گئے تھے۔

رواں ہفتے بھی بھارتی اور چینی فوج کے درمیان بارڈر پر جھڑپوں کے دو واقعات میں ایک بھارتی فوجی کی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

مزید خبریں :