کاروبار
Time 05 ستمبر ، 2020

کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان سے کراچی کے تاجروں اورکاروباری طبقے کے وفد نے گورنر ہاؤس  میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء، گورنر سندھ، مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک شریک تھے جب کہ کاروباری وفد میں آصف اکرام، اعظم فاروق، بشیرعلی محمد، فیصل مقبول اور طارق شفیع سمیت دیگر شامل تھے۔

وفد نے وزیر اعظم کو برآمدات کے فروغ اور ٹیکس اصلاحات کے لیے تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا حکومت کا فرض ہےکہ کاروباری طبقےکو تمام سہولتیں فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعمیرات اور اس سے منسلک شعبوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت کا مقصد کاروبار اور سرمایہ کاری کے نظام میں آٹومیشن لانا ہے جس کی بدولت کاروباری حضرات کو کم سے کم وقت میں اور شفاف طریقے سے کاروبار کرنا ممکن ہو سکے گا۔ 

ملاقات میں کاروباری وفد نے وزیر اعظم کو کورونا سے متعلق کامیاب حکمت عملی پرمبارکباد بھی دی۔

خیال رہے کہ طوفانی بارشوں کے ایک ہفتے بعد وزیراعظم عمران خان آج کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے شہر کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا جس میں سے بلاول بھٹو کے مطابق وفاق کا حصہ 300 ارب روپے ہے جب کہ باقی 800 ارب روپے کے منصوبے حکومت سندھ کے ہیں۔ 

مزید خبریں :