06 ستمبر ، 2020
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کوئی بھی قوم اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتی۔
پاکستان کی نامور گلوکارہ حمیرا ارشد نے یوم دفاع پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر1965 کو جو جذبہ تھا اسی جذبے کی آج قوم میں ضرورت ہے۔
حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ یہ ملک بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا، ماؤں نے ملک کے لیے اپنے لخت جگر قربان کیے۔
گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں جس پر شکر گزار ہونا چاہیے۔
فلمسٹار ریما نے اپنے پیغام میں کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتی۔
ریما کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی مائیں اپنے بیٹے پاک فوج میں بھیج کر وطن پر قربان کر دیتی ہیں، قوم کو ایسی ماؤں پر فخر کرنا چاہیے۔