کھیل
Time 07 ستمبر ، 2020

جج کو گیند مارنے پر جوکووچ یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر

ٹینس کے عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے ڈرامائی طور  پر باہر ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں سربیا کے نواک جوکووچ کا مقابلہ اسپین کے پیبلو بسٹا کے ساتھ جاری تھا اور پہلا سیٹ 5-6 سے ہارنے پر انہوں نے مایوسی کے عالم میں بغیر دیکھے گیند کورٹ سے باہر ماری جو وہاں موجود خاتون لائن جج کے گلے (نرخرے) پر جا لگی۔

گیند لگنے سے خاتون جج گر پڑیں اور انہیں کافی دیر تک سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا رہا۔

جوکووچ نے فوری طور پر جج سے معافی مانگی اور کہا کہ ان کا ارادہ انہیں مارنے کا ہرگز نہیں تھا تاہم میچ ریفری نے کچھ دیر بحث کے بعد ان کے حریف کی فتح کا اعلان کر دیا۔

یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق جوکووچ کا عمل غیر ذمہ دارانہ تھا اور انہیں قوانین کی خلاف ورزی پر میچ سے باہر کر دیا گیا ہے جس کے باعث ان کا یو ایس اوپن 2020 کا سفر بھی اختتام پذیر ہو گیا۔

فوٹو- ای پی اے

فیصلے کے مطابق جوکووچ سے ناصرف رینکنگ کے پوائنٹس بھی واپس لیے جائیں گے بلکہ مذکورہ میچ تک پہنچنے کے لیے انہوں نے جو میچ جیتے ہیں ان کی انعامی رقم سے بھی کٹوتی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 17 بار کے گرینڈ سلیم جیتنے والے  نواک جوکووچ ٹینس کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن پر موجود ہیں اور  وہ 18 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جینتے کے لیے فیورٹ تھے کیونکہ ان کے بڑے حریف راجر فیڈرر اور رافیل نڈال ٹورنامنٹ میں شریک نہیں تھے۔

جوکووچ نے ایک بیان میں کہا کہ اس صورت حال نے انہیں اداس اور نڈھال کر دیا ہے، وہ لائن جج کو اتنی تکلیف کا باعث بننے پر معذرت چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :