09 ستمبر ، 2020
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ بیگم کو اپنی دوسری محبتوں کا پتہ ہی چلنے نہیں دیا۔
اداکار نعمان اعجاز کا ماضی میں دیا گیا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو رہا ہے۔
انٹرویو کی میزبان عفت عمر نے اداکار نعمان اعجاز سے سوال پوچھا کہ ہم لوگ (اداکار) تھوڑے عاشق مزاج ہوتے ہیں، تو ایسے میں آپ کی کامیاب زندگی کا راز کیا ہے؟
نعمان اعجاز نے جواب دیا کہ ہم (اداکار) تھوڑے نہیں بہت زیادہ عاشق مزاج ہوتے ہیں، کامیاب زندگی کی وجہ یہ ہے کہ ایک تو ہم (میاں بیوی) اس رشتے کی جو ضروریات ہیں وہ پوری کرتے ہیں، دوسرا اگر میں اپنی بیگم رابعہ کے حوالے سے بات کروں تو سچ یہ ہے کہ میں بہت خوش قسمت ہوں۔
پروگرام کی میزبان کی جانب سے زندگی میں دل پھسلنے اور ایک دن کی محبت سے متعلق سوال پر نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ بے انتہا دل بار دل پھسلا، اس پر کنٹرول نہیں کر سکتا، ہر لمحے محبت ہوتی ہے اور روزانہ ہوتی ہے، میں تو بہت زیادہ محبت کرنے والا انسان ہوں۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر کوئی خاتون اندر اور باہر سے خوبصورت ہے اور مشکل ہے تو مجھے تو سب سے زیادہ عشق ہی ایسی خاتون کے ساتھ ہوتا ہے۔
بیگم صاحبہ کو اپنے معاشقوں سے متعلق پتہ چلنے سے متعلق سوال پر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بیگم کو پتہ ہی چلنے نہیں دیا، میں بہت ہی زبردست اداکار اور ذہین شخص ہوں، میری بیگم کو نہیں پتہ چلتا۔
خاتون میزبان عفت عمر کی جانب سے جب پوچھا گیا کہ جن کے ساتھ آپ محبت کر رہے ہوتے ہیں انہیں تو پتہ چلتا ہے نا آپ کی محبت کا تو اس پر نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ انہیں پتہ چلتا ہے لیکن ان کے شوہروں کو بھی نہیں پتہ چلتا۔
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ یہ جو کچھ اس معاشرے میں آج کل چل رہا ہے، می ٹو، ہی ٹو، شی ٹو، یہ سب دین سے دوری کی وجہ سے ہو رہا ہے، ہماری قوم کو دین کی سمجھ ہی نہیں آ رہی۔