Time 10 ستمبر ، 2020
پاکستان

'محفوظ سفر کی علامت موٹر وے اتنی غیر محفوظ کس کی نا اہلی سے ہوئی ؟ '

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے موٹر وے پر سفرکرنے والی خاتون کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ وفاق، پنجاب اور موٹروے پولیس اسے ٹیسٹ کیس بنائیں۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جواب دینا ہوگا کہ موٹروے جو محفوظ سفر کی علامت تھی وہ اتنی غیرمحفوظ کس کی نااہلی سے ہوئی؟  اب موٹر وے پر اپنے بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والوں کے دل میں خوف پیدا ہوگا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟

 اپوزیشن لیڈر  کا کہنا ہےکہ زینب کیس کی طرز پر تحقیق و تفتیش کا معیار رکھا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلایا جائے تاکہ نظام پرعوام کا کچھ تو اعتماد بحال ہو۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ موٹروے پراجتماعی زیادتی وبے حرمتی کے واقعے کا سُن کردل دہل گیا، وحشیانہ کارروائی میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کرنشان عبرت بنانا ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ موٹروے پراجتماعی زیادتی اور بے حرمتی معمولی واقعہ نہیں، یاد رکھیں، ظلم اور معاشرتی اقدار میں پستی کا مقابلہ کرنا بحثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے موٹر وے پر ایک خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاڑی میں پیٹرول ختم ہونے کے باعث متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کر رہی تھی،خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

دوسر ی جانب  کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا کہنا  کہ اکیلی خاتون کو آدھی رات میں موٹروے سے جانے کی ضرورت کیا تھی،وہ جی ٹی روڈ سےکیوں نہ گئيں جہاں آبادی تھی؟ ان کے اس بیان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :