11 ستمبر ، 2020
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29534 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 548 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 5 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 256 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 371 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6370 تک جا پہنچی ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 131404 ہوگئی ہے جب کہ 2439 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 97533 ہے اور 2214 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 13282 اور ہلاکتیں 145 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 36823 اور 1256 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 2366 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 65 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 3131 اور 73 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 15832 ہے اور اب تک 178 مریض انتقال کرچکے ہیں۔