Time 12 ستمبر ، 2020
پاکستان

موٹروے زیادتی کیس: ملحقہ دیہات کے 25 ریکارڈ یافتہ ملزمان کے غائب ہونے کا انکشاف

لاہور: موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے ملزمان کی تلاش کے دوران انکشاف ہوا کہ کرول گاؤں اور ملحقہ دیہات سے 25 ریکارڈ یافتہ ملزمان غائب ہیں۔

پولیس کے مطابق ایسٹرن بائی پاس کے قریب جہاں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا وہاں 5 کلومیٹر کے علاقے میں سرچ اینڈ سوئپ آپریشن جاری ہے اور آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ 25 ریکارڈ یافتہ ملزمان اپنے گھروں میں نہیں، اُن کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس نے 3 دیہات کے 53 افراد کے ڈی این اے سیمپل لے لیے ہیں،  تمام افراد کی عمریں 20 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔

علاوہ ازیں آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہےکہ کیس میں الیکشن کمیشن اور نادرا سے بھی معلومات لی جارہی ہیں،  جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں، نہ کوئی انگوٹھی ملی ہے اور نہ کوئی بندہ پکڑا ہے، نہ خاتون کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال ہوا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ابھی کوئی ڈی این اے میچ نہیں ہوا ہے، اس سلسلے میں کوئی بھی پیش رفت ہوئی تو خود آگاہ کریں گے۔

واقعے کا پسِ منظر

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :