Time 12 ستمبر ، 2020
کھیل

’غیر ملکی قلندرز پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان آنے کو تیار ہیں’

فائل فوٹو ثمین رانا

پاکستان سپر لیگ کی سب سے متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ غیر ملکی قلندرز پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ثمین رانا نے کہا کہ نومبر میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے تیار ہیں، جہاں سے ٹیم کا مومنٹم ٹوٹا تھا وہیں سے دوبارہ بحال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  بین ڈنک، کرس لین، ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل تمام غیر ملکی پلیئرز پاکستان آنے کو تیار ہیں، ان کی غیر ملکی پلیئرز سے مستقبل بنیادوں پر بات چیت ہوتی ہے اور ہر کوئی ان میچز کیلئے پر جوش ہے یہ قلندرز کیلئے کچھ کردکھانا چاہتا ہے۔

ثمین رانا پر امید ہیں کہ مارچ میں جب لیگ معطل ہوئی تھی تو ان کی ٹیم بھرپور فارم میں تھی، امید ہے جب نومبر میں بقیہ میچز کیلئے دوبارہ ساتھ ہوں گے تو وہی مومنٹم ہوگا جس پر لیگ رکی تھی۔ 

 انہوں نے تجویز دی کہ ٹیموں اور پلیئرز کو جیل ان کرنے کیلئے پی ایس ایل ٹیموں کو پریکٹس میچ ملنا چاہیے، پریکٹس میچز میں ان ٹیموں کا مقابلہ ہوجائے جن کا ایلیمینٹر یا کوالیفائر میں براہ راست مقابلہ طے نہیں ہے۔

ایک سوال پر ثمین رانا نے کہا کہ ٹیم کے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی ہر کسی کی خواہش ہے کہ اس بار قلندرز ٹرافی جیتے اور جس طرح ٹیم نے پرفارم کیا ہے، امید ہے 17 نومبر کو لاہور قلندرز ٹرافی اٹھائے گی۔

ان کا یہ ماننا تھا کہ بغیر تماشائیوں کے ہونیوالے میچز میں ٹیم گراؤنڈ پر سپورٹ کی کمی تو محسوس کرے گی لیکن امید ہے کہ ٹی وی پر جو بھی شائقین قلندرز کو سپورٹ کررہے ہیں، ان کو مایوسی نہ ہو۔

 واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :