پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2020

اسلام آباد ریڈزون میں جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے پیٹرول پمپ پر جوڈیشل آفیسر اور پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے عابدہ راجا کے شوہر میں جھگڑا پارلیمنٹ ہاؤس سگنل پر ہوا، جوڈیشل آفیسر پیٹرول بھروانے کے لیے ریڈ زون میں دفترخارجہ کے سامنے پمپ پر پہنچے تو ایم پی اے کے شوہر نے جوڈیشل آفیسر پر حملہ کیا۔

عابدہ راجا کے شوہر کی جانب سے جوڈیشل آفیسر کو زدوکوب کرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں عابدہ راجا کے شوہر کو گاڑی میں موجود افراد کو تھپڑ اور مکے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق جوڈیشل آفیسر نے ذاتی دفاع کے لیے عابدہ راجا کے شوہر کے پاؤں پر فائر کیے، واقعے کے بعد فریقین کو پولیس نے حراست میں لیکر تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جوڈیشل آفیسر کا پولی کلینک اسپتال سے میڈیکل کروایا گیا ہے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر سے پوچھا گیا کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ، پمپ پر پیٹرول ڈلوا رہا تھا، انہوں نے آکر مجھے مارنا شروع کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ان کو کسی اور کی غلط فہمی ہوئی ہے۔

اُدھر پی ٹی آئی ایم پی اے عابدہ راجا کا تھانہ سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری گاڑی پیٹرول پمپ پر کھڑی تھی کسی نے فائرنگ کر دی، گاڑی میں میرے خاوند سوار تھے، فائرنگ کرنے والےکو پولیس نے پکڑ لیا ہے جب کہ جائے  وقوعہ سے پستول کی گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جوڈیشل آفیسر اور ایم پی اے کے شوہر نے قانونی کارروائی سے متعلق کل تک مہلت مانگ لی ہے اور فریقین معاملے کے حل کےلیے صلح کی کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :