کھیل
Time 14 ستمبر ، 2020

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کووڈ 19 نے مزید مشکلات میں ڈال دیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں یورپی ممالک کے دورے کا پروگرام بنایا تھا لیکن کووڈ 19 پروٹوکولز نے جونئیر ہاکی ٹیم کے دوروں کو ناممکن بنا دیا ہے اور اب جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے سینیئر اور جونیئر کی ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ جونیئر ایشیا کپ کے انعقاد میں چونکہ بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے اس لیے پلان یہی بنایا گیا کہ ایبٹ آباد میں فزیکل ٹریننگ 20 ستمبرسے شروع کیا جائے اور پھر اس کے بعد یورپی ممالک کے دوروں کا اہتمام کیا جائے تاکہ جونیئر ٹیم بھرپور تیاری اور ایکسپوژر کے ساتھ جنوری میں جونیئر ایشیا کپ میں حصہ لے لیکن اب یورپ کے کسی دورے کا امکان نہیں ہے کیونکہ 14 روزہ قرنطینہ اور دیگر پروٹوکولز کی وجہ سے غیر ملکی دورے ممکن نہیں۔

آصف باجوہ نے کہا کہ اب سینیئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان سیریز پلان کر رہے ہیں— فوٹو: جیو نیوز

آصف باجوہ نے کہا کہ کئی یورپی ممالک سے بات چیت بھی ہوئی ایک ماہ کا دورہ کسی کے لیے ممکن نہیں کیونکہ 14 روز کے قرنطینہ کے بعد دوُہفتے سیریز کھیلنے کے لیے درکار ہوں گے ، ایک ماہ کے اخراجات برداشت کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

آصف باجوہ نے کہا کہ اب سینیئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان سیریز پلان کر رہے ہیں۔ سیریز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلی جائے گی۔ چیف سلیکٹر سینیئر اور جونیئر ٹیم منیجمنٹس اس سلسلے میں ہوم ورک کر رہی ہیں اور جلد اس حوالے سے اعلان کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :