17 ستمبر ، 2020
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں فیصل واوڈا کو جواب داخل کرانے کے لیے 14 اکتوبر تک مہلت دے دی۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپانے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست پر آج جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔
میاں فیصل ایڈووکیٹ کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپائی اور دہری شہریت نہ رکھنے کا جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا جب کہ وہ اس وقت دہری شہریت رکھتے تھے۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں بھی کوئی پروسیڈنگ زیر التوا ہے؟
اس پر عدالت کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن میں بھی فیصل واوڈا کی ڈس کوالیفیکیشن کا کیس چل رہا ہے۔
سماعت کے دوران فیصل واوڈا کی طرف سے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور جواب داخل کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔