Time 21 ستمبر ، 2020
پاکستان

مقامی چینی مہنگی ہے حکومت امپورٹڈ چینی دے، یوٹیلٹی اسٹورز کا مطالبہ

درآمدی چینی کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے وزارت صنعت و پیداوار کو خط لکھ دیا۔

ذرائع  کے مطابق خط میں یوٹیلٹی اسٹورز نے حکومت سے 50 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی مانگ لی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مقامی چینی مہنگی ہونے کے باعث درآمدی چینی لینا چاہتے ہیں، درآمدی چینی 6 سے 8 روپے فی کلو سستی ملنے کی توقع ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمدی چینی زیادہ سے زیادہ 88 روپے کلو تک میں پڑے گی جب کہ مقامی شوگر ملز سے یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی 94 روپے فی کلو میں پڑے گی۔

ذرائع یوٹیلٹی اسٹورز  کے مطابق کارپوریشن کا مقامی سطح پر بھی چینی کی خریداری کا عمل جاری ہے اور یوٹیلٹی اسٹورز نے 35 ہزار ٹن چینی خریدنے کیلئے ٹینڈر بھی جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی یوٹیلٹی اسٹورز نے مہنگی چینی خرید کر خزانے کو 50 کروڑ روپے کا ٹیکہ لگادیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز نے مجموعی طور پر 78 ہزار میٹرک ٹن چینی 78 روپے33 پیسے فی کلو کے حساب سے خریدی تھی اور شوگرملوں کی طرف سے 70 روپے فی کلو چینی کی پیشکش پر بھی چینی نہیں خریدی گئی۔

مزید خبریں :