کاروبار
Time 23 ستمبر ، 2020

ملک میں سونے کی قیمت گِر گئی

دو دن کے منفی رجحان کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں آج مثبت دن رہا، ڈالر کی قدر میں معمولی کمی— فوٹو: فائل

پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دو دن کے منفی رجحان کے بعد آج مثبت دن رہا۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 700 روپے کم ہوئی ہے۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کےمطابق ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت 700 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ چودہ ہزار روپے ہے۔

ملک میں دس گرام سونےکی قدر 6 سوروپے کمی کے بعد 97 ہزار 737 روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونےکی قدر 15 ڈالر کمی کے بعد ایک ہزار 892 ڈالر فی اونس ہے۔

دو دن منفی رہنےکے بعد ہنڈریڈ انڈیکس میں مثبت رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈریڈ انڈیکس کاروباری دن میں 47 پوائنٹس اضافے سے 41  ہزار 876پر بند ہوا۔

کاروباری دن میں ہنڈریڈ انڈیکس نے 269 پوائنٹس کے بینڈمیں کاروبار کیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح آج 42023 رہی۔

شیئرز بازارمیں آج 58 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 12 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 10 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار 841 ارب روپے ہوگئی ہے۔

ڈالر کی قدر میں استحکام

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں استحکام رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی۔

انٹر بینک مبادلہ مارکیٹ میں کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر کی قدر 166 روپے 22 پیسے ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 15 پیسے کم ہونے کے بعد 166 روپے 30 پیسے ہے۔