پاکستان
Time 26 ستمبر ، 2020

طلال چوہدری کا خاتون ایم این اےکو ہراساں کرناافسوسناک ہے، شہباز گِل

یہ واقعہ مسلم لیگ ن کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاتا ہے، شہباز گل،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نےکہا ہےکہ طلال چوہدری کی جانب سے خاتون ممبر قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا واقعہ افسوسناک ہے، حکومت ایکشن لے گی اور خاتون ایم این اے کی ہر صورت حفاظت کرے گی۔

 شہبازگل نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا ہےکہ فیصل آباد پولیس کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے اور  خاتون ایم این اے کے گھر پر پولیس سیکیورٹی تعینات کرنا چاہیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کاکہنا ہےکہ یہ واقعہ مسلم لیگ ن کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاتا ہے، ماضی میں بھی خواجہ آصف ہوں یا طلال چوہدری، خواتین سے متعلق نازیباکلمات کہتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری پر فیصل  آباد میں  مبینہ حملہ کیاگیا ہے، ان کے بھائی کا کہنا ہےکہ طلال چوہدری پر کینال روڈ پر رات کے وقت 4 افراد نے حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں اور وہ لاہور کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جھگڑے کے وقت کی طلال چوہدری کی ویڈیو بھی سامنے آگئی

دوسری جانب مبینہ جھگڑے کے وقت کی طلال چوہدری کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

 ویڈیو میں طلال چوہدی کہہ رہے ہيں کہ انہیں تنظیم سازی کا کہہ کر یہاں بلایا گیا، ان کا فون لےلیا گیا، فون ملے گا تو سب سامنے آجائےگا،میرا موبائل فون چھینا گیا ہے، میرا بازو ٹوٹا ہوا ہے، کسی اعلیٰ افسر کو بلائیں۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ  یہ واقعہ 24 ستمبر کی رات 3 بجے خاتون ایم این اے کے گھر کے سامنے پیش آیا،ابھی تک کسی فریق نے مقدمے کی درخواست نہیں دی ہے۔

دوسری جانب  خاتون ایم این اے کے بھائی نےجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلال سے بھائی جیسا تعلق ہے، ان پر تشدد کی مذمت کی ہے۔

مزید خبریں :