Time 28 ستمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

سارہ سے تفتیش: امریتا سے لڑائی پر سیف نے کرینہ کے ساتھ شہر چھوڑ دیا

سشانت ہلاکت و منشیات کیس میں بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان سے تفتیش کے بعد پٹودی خاندان میں لڑائیاں شروع ہوگئیں— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار سشانت کی موت  اور منشیات کیس میں بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان سے تفتیش کے بعد پٹودی خاندان میں لڑائیاں شروع ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور  سابقہ اہلیہ امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان سے بھارتی تفتیشی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) نے تفتیش کی تھی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سارہ علی خان سے منشیات کیس میں تفتیش کے بعد پٹودی خاندان میں لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے ہیں اور سیف علی خان نے بیٹی سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ 

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیف علی خان نے سارہ کی والدہ و سابقہ اہلیہ امریتا سے اس معاملے پر لڑائی کی ہے جس کے بعد وہ اپنی موجودہ حاملہ بیوی کرینہ کپور کے ساتھ ممبئی چھوڑ گئے ہیں اور اس وقت نئی دہلی میں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق چھوٹے نواب کی امریتا سے لڑائی فون کالز اور بیٹی کے حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں میں ہوئی جس کے بعد انہوں نے اچانک دہلی جانے کا پروگرام بنایا۔

خیال رہے کہ سیف علی خان کی دوسری اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور  دوسری بار حاملہ ہیں اور ان کے ہاں جنوری میں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جب کہ وہ اس وقت بھی فلم وہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات کے دوران منشیات کے استعمال کا پہلو بھی سامنے آیا ہے  اور تحقیقات کے دوران بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این بی سی) نے دپیکا پڈوکون، شردھا کپور، سارہ علی خان اور راکول پریت سنگھ سے پوچھ گچھ کی تھی۔

یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ مذکورہ اداکاراؤں سے تفتیش کے بعد اب بالی وڈ کے 7 صف اول کے اداکاروں اور پروڈیوسرز کو بھی طلب کیا جائے گا۔

مزید خبریں :