30 ستمبر ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کراچی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔
ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا جس میں کراچی میں کورونا کیسز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
این سی او سی کو بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے 747 کیسز میں سے 365 صرف کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹری صحت سندھ نے این سی او سی کو بتایا کہ شہری انتظامیہ صورتحال کو مانیٹر کررہی ہے۔
این سی او سی کے اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے تقریباً 7 ماہ سے بند تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھل گئے ہیں تاہم کچھ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر انہیں سیل بھی کیا گیا ہے جب کہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تجویز دی تھی کہ کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے اسکول کھولنا درست نہیں۔
دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں اضافہ کے بعد صوبائی حکومت نے چھوٹے پیمانے پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے تیاریاں کی ہیں جس سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے خط لکھا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس افسر محکمہ صحت سے مشاورت کرکے ایس او پیز پر عمل کرائیں۔