شاہ رخ کی بیٹی سہانا کا سانولی رنگت پر تنقید کرنے والوں کو جواب

فائل فوٹو

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو سخت جواب دیا۔

سہانا خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تنقید کا نشانہ بنانے والوں کے اسکرین شاٹ شیئر کیے اور ایک طویل کیپشن کے ذریعے انہیں جواب دیا۔

سہانا خان نے اپنی پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ جب وہ 12 سال کی تھیں تب سے ہی انہیں رنگ اور لُکس کی وجہ سے بے حد تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے چند اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے جس میں لوگ کالی چڑیل، کالی بلی، پاگل اور اس طرح کے بے شمار تبصرے کرتے نظر آرہے تھے۔

سہانا خان نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، یہ صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ میری طرح بے شمار نوجوانوں کے ساتھ ہوتا آرہا ہے جو بلاوجہ احساس کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بھارتی سوچ ہے کہ اگر آپ 5 فٹ 7 انچ لمبے اور گورے ہیں تو ہی آپ خوبصورت ہیں، وہ 5 فٹ 3 انچ قد اور گہری رنگت کی مالک ہیں مگر خود سے بہت پیار کرتی ہیں اس لیے خوش ہیں اور اُنہیں خوش ہونا بھی چاہیے۔

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کو اس پوسٹ پر متعدد اداکار اور اداکاراؤں کی جانب سے سراہا بھی جا رہا ہے۔

مزید خبریں :