03 اکتوبر ، 2020
کراچی کے علاقے کورنگی میں راشد لطیف اکیڈمی کے نام سے مشہور کرکٹ گراؤنڈ جانوروں کے باڑے میں بدل گیا۔
2009 میں سابق کپتان راشد لطیف کی نگرانی میں اس گراؤنڈ کو تقریباً 4 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کروایا گیا تھا، اس میں نئی فلڈ لائٹس لگائی گئیں تھیں، کھیل بھی ہوتا تھا اور شور بھی خوب ہوتا تھا۔
تاہم ایک سال پہلے یہ گراؤنڈ سابق کپتان سے واپس لے کر بلدیہ کورنگی کے حوالے کیا گیا جن کی عدم توجہی کے باعث گراؤنڈ خستہ حال ہوچکا ہے۔
گراؤنڈ کی گھاس اتنی بڑھ گئی کہ اب وہاں گائے، بکریاں اور دنبے پلنے لگے ہیں جب کہ مرکزی عمارت بھوت بنگلے کا منظر پیش کررہی ہے۔
گراؤنڈ میں وکٹ کا ایریا تباہ اور سامان زنگ آلود ہوچکا، اس کے علاوہ تسلیم عارف پویلین بھی بوسیدہ ہوگیا۔
اس حوالے سے بلدیہ کورنگی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گراؤنڈ 6 ماہ مکمل بند رہا لیکن جلد ہی گراؤنڈ کو دوبارہ کھیل کے قابل بنایا جائے گا۔