05 اکتوبر ، 2020
اسلام آباد: وفاقی کابینہ بجلی اور گیس صارفین پر ڈیڑھ سو ارب روپے اضافی بوجھ ڈالنےکا حتمی فیصلہ کل کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل منگل کو دن 12 بجے طلب کیاگیا ہے جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع نے نمائندہ خصوصی جیونیوز کو بتایا ہےکہ بجلی اور گیس مہنگی کرنے کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا جائےگا تاہم وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے ہی بجلی اور گیس صارفین پر ڈیڑھ سو ارب روپے اضافی بوجھ ڈالنےکا حتمی فیصلہ کیا جائےگا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی 1.62 روپے فی یونٹ، کمرشل و صنعتی صارفین کیلئے 2.63 روپے تک مہنگی کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی جب کہ ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی 32 پیسے مہنگی کرنے پر بھی غور ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں گیس 15 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی اور گھریلو صارفین کے گیس میٹر رینٹ کی مد میں ماہانہ 20 روپے اضافے پر بھی غور ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی 30 ستمبر کے فیصلے میں بجلی گیس مہنگی کرنے کی سفارش کرچکی ہے جس کو منظوری کے پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام بحالی کے لیے بجلی، مگیس مزید مہنگی کرنے کی ڈیمانڈ رکھی گئی ہے ۔
موجودہ حکومت کے گزشتہ 2 برس میں اب تک بجلی کی قیمت میں 3.85 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جاچکا ہے اور عوام پہلے ہی بجلی میں اضافوں کی مد میں 450 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کررہے ہیں جب کہ گیس کو بھی اب تک 334 فی صد مہنگا کیا جاچکا ہے۔