Time 08 اکتوبر ، 2020
پاکستان

پنجاب میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے لگیں، دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا امکان

فوٹو: فائل

پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے خبر د ار کیا ہے کہ چند روز سے کورونا کے مریض اور اموات بڑھ رہی ہیں۔

کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کی سابقہ لہر سندھ اور کراچی کے بعد آئی تھی، اور حالات میں بہتری کے بعد اب دوبارہ سے کورونا کیسز کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور گجرات ہائی رسک اضلاع ہیں، لوگوں نے احتیاط نہ کی تو متاثرہ علاقوں میں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ضرورت ہے، اجتماعات اور شادی ہالز میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی نظر نہیں آ رہی۔

انسداد کورونا کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ محکمہ صحت پنجاب نئے ایس او پیز بنائے جن پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے، عوام کی آگاہی کے لیے تشہیری مہم بھی چلائی جائے۔

صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کا کہنا تھا کہ کورونا کو شکست دینے کے قریب ہیں، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

مزید خبریں :