کھیل
Time 09 اکتوبر ، 2020

پی ایف ایف نے ملک میں خواتین فٹبال کی سرگرمیاں بحال کردیں

قومی ویمن فٹبال ٹیم کی از سر نو تشکیل کیلئے 30 کھلاڑیوں کو کیمپ میں لاہور طلب کرلیا گیا ہے— فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ملک میں خواتین فٹبال کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے قومی ویمن فٹبال ٹیم کی از سر نو تشکیل کیلئے 30 کھلاڑیوں کو کیمپ میں لاہور طلب کرلیا۔

پاکستان میں ویمن فٹبال کی سرگرمیا ں جنوری 2020 سے معطل ہیں، خواتین فٹبالرز قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے بعد سے ایکشن سے باہر ہیں جس کی ایک وجہ کووِڈ 19 ہے، تاہم اب پی ایف ایف نے خواتین فٹبالرز کو ایک بار پھر متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے قومی ویمن فٹبالرز کیلئے 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک لاہور میں کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیمپ کیلئے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

کیمپ کی نگرانی پی ایف ایف کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈینیئل لمونیس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کیمپ کے بعد خواتین فٹبال لیگ کا بھی انعقاد ہوگا اور ان دونوں ایونٹس سے قومی ویمن ٹیم کی تشکیل نو کی جائے گی تاکہ مستقبل کے ایونٹس پلان ہو سکیں۔

جن 30 کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے ان میں تجربہ کار ہاجرہ خان بھی شامل ہیں۔

دیگر پلیئرز میں ذوالفیا نذیر ، کرن قریشی، سحر زمان، مشعل، عالیہ علاؤالدین، داہلیہ فاروق، فاطمہ بلوچ، نینا زہری، علیزہ، ایشل، خدیجہ کاظمی، نِشا، رامین، روبینہ، بی بی عزیز، غزالہ عامر، کافیہ کریم، سارہ خان، شاہدہ امین، عالیہ صادق، عاصمہ عثمان، دعا گیلانی، ماریہ جمیلہ، مہناز شاہ، رافعہ پروین، شمائلہ ستار، فاطمہ انصاری اور ابیحہ حیدر شامل ہیں۔

مزید خبریں :