09 اکتوبر ، 2020
بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شو بگ باس کے سیزن 6 سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ ثناء خان نے اسلام کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔
اداکارہ ثناء خان نے یہ اعلان سوشل میڈیا پر کیا جہاں انہوں نے ایک طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہے، اللہ اس سفر میں میری رہنمائی کرے‘۔
ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنے طویل پیغام کے آغاز میں کہا کہ ’آج میں اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں، میں سالوں سے شوبز (فلم انڈسٹری) کی زندگی گزار رہی ہوں اور اس عرصے میں مجھے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت اپنے چاہنے والوں کی طرف سے نصیب ہوئی جس کے لیے میں ان کی شکر گزرا ہوں لیکن اب کچھ دن سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟‘۔
ثناء خان نے لکھا کہ ’کیا اس پر یہ فرض عائد نہیں ہوتا کہ وہ اپنی زندگی ان لوگوں کی خدمت میں گزارے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں‘؟
ان کا کہنا تھا کہ ’کیا انسان کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ اسے کسی بھی وقت موت آسکتی ہے؟ اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے؟ ان دو سوالوں کےجواب میں مدت سے تلاش کر رہی ہوں، خاص طور پر اس دوسرے سوال کا کہ مرنے کے بعد میرا کیا بنے گا‘؟
اپنے پیغام میں ثناء خان نے لکھا کہ ’اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے اور وہ اسی صورت میں بہتر ہوگی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے کے حکم کے مطابق زندگی گزارے اور صرف دولت و شہرت کو اپنا مقصد نہ بنائے بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے ہوئے طریقوں پر چلے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ اس لیے میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں اپنی شوبز کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں‘۔
علاوہ ازیں ثناء خان نے یہ بھی کہا کہ ’تمام بھائیوں اور بہنوں سے گزارش ہے کہ وہ مجھے آئندہ کبھی شوبز کے کسی کام کے لیے دعوت نہ دیں‘۔
خیال رہے کہ ثناء خان نے ’یہی ہے ہائی سوسائٹی‘، ’بمبئی ٹو گوا‘، ’ہلّہ بول‘، ’جے ہو‘، ’وجہ تم ہو‘ اور ’ٹوائلٹ‘ جیس فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔