Time 09 اکتوبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

مہوش حیات اور حسن شہریار آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے

فوٹو: فائل 

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اور معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے۔

آسکر سلیکشن کمیٹی کی سربراہی 2 مرتبہ آسکر اور ایمی ایوارڈ جیتنے والی فلم ساز شرمین عبید چنائے کریں گی اور یہ کمیٹی فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کے لیے پاکستانی فلم نامزد کرے گی۔

اس ضمن میں اداکارہ مہوش حیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ مجھے اس سال دو مرتبہ آسکر جیتنے والی شرمین عبید چنائے کے ساتھ آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نامزد کردہ فلمیں دیکھنے کی منتظر ہوں اور یہ ہی ایک واحد راست ہے جس کے ذریعے ہم پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکتے ہیں‘۔

دوسری جانب نامور ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آسکر کمیٹی کا حصہ بننے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کی سربراہی 2 مرتبہ آسکر ایوارڈ کی فاتح شرمین عبید چنائے کر رہی ہیں جب کہ کمیٹی میں ڈائریکٹر اسد الحق، اداکارہ مہوش حیات اور موسیقار فیصل کپاڈیا ہیں۔

واضح رہے کہ تمام ممالک کی جانب سے نامزدگیوں کے بعد موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی ایواڈ کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کی تقریب کا انعقاد ہر سال فروری کے آخر میں کیا جاتا ہے لیکن رواں سال عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر آسکرز کی تقریب ملتوی کر کے 25 اپریل 2021 تک کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :