پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2020

کورونا کا خدشہ: فواد چوہدری کا اپوزیشن کو تحریک اگلے سال تک ملتوی کرنے کا مشورہ

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن کو سیاسی تحریک اگلے سال تک ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ این سی او سی نے شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنےکا کہا ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے جلسے جلوس ملتوی کر دینے چاہئیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو بھی اپنی تحریک اگلے سال تک ملتوی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ زندگی کا احترام کریں۔

کورونا کے باعث دنیا بھر میں عام اجتماعات پر پابندی ہے: وزیر صحت پنجاب

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے ایک ہفتے کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایک بیان میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے سے کورونا پھیلنےکا خدشہ ہے، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں عام اجتماعات پر پابندی ہے، محکمہ صحت نے عام اجتماعات کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے ہیں، عوام سے اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا اعلان کر رکھا ہے  اور پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گجرانوالہ میں ہو گا۔

مزید خبریں :