Time 10 اکتوبر ، 2020
پاکستان

جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہ دی تو پورا گوجرانوالا جلسہ گاہ بن جائیگا، رانا ثناء

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اگر 16 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم  میں جلسے کی اجازت نہ دی تو پورا گوجرانوالا جلسہ گاہ بن جائے گا۔

16اکتوبرکو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے ن لیگ کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں گوجرانوالہ میں لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھاکہ گوجرانوالہ کی انتظامیہ کشمکش کا شکار ہے کہ کس جگہ جلسے کی اجازت دی جائے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ انتظامیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے جس سے پوچھنا ہے پوچھ لیں ،جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہ دی تو پورا گوجرانوالہ جلسہ بن جائےگا۔

اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو پورے پاکستان کے لوگ 'عمران خان الوداع' کہیں گے، ماسک پہن کرکورونا ختم کرسکتے ہیں لیکن ایک بیماری عمران خان کی حکومت ہے جو ماسک پہن کر بھی ختم نہیں ہوگی۔

 مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ آٹا چینی چوروں کے خلاف فیصلہ سُنائے گا ، جو بیٹیوں کے ساتھ جیل جاتے ہیں، اُنھیں جیلوں سے نہ ڈراؤ ۔

خیال رہےکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانولہ میں جلسے سے ہورہا ہے جس کی میزبانی ن لیگ نے کرنی ہے۔

مزید خبریں :