12 اکتوبر ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ ان کی نظریں پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس کھیلنے پر ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں 20 سالہ بیٹسمین نے کہا کہ گزشتہ سال ان کے ڈومیسٹک کیرئیر کا شاندار آغاز ہوا، فرسٹ کلاس ڈبیو پر 99 رنز بنائے، پی ایس ایل میں بھی اچھا کھیلا اور پھر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو پر نصف سنچری بنائی جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
حیدر علی نے کہا کہ جیسے کیرئیر شروع ہوا اب ان کا ٹارگٹ ہے کہ تسلسل کے ساتھ اس پرفارمنس کے سلسلے کو جاری رکھیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خود کو کسی ایک فارمیٹ تک محدود نہیں کرنا چاہتے بلکہ خواہش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کی طرح ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نوجوان کرکٹر کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کافی اہم ہوتی ہے اور جب اس طرح پر کوچ پلیئر پر بھروسہ کرتا ہےتو اس سے کھلاڑی کا اعتماد کافی بلند ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد وسیم نے بطور ناردرن کوچ ان کی بڑی رہنمائی کی اور سپورٹ کی جس سے ان کو کھل کر کھیلنے کا موقع ملا۔