13 اکتوبر ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر اپنی جماعت سمیت اپوزیشن جماعتوں سے جلسوں پر نظر ثانی کی اپیل کردی۔
جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نےکہا کہ میڈیا نے کورونا کے بارے میں پیغام پھیلانے میں کردار ادا کیا، میں نے کورونا کیسز کا مسئلہ 10 دن پہلے ہی اٹھا دیا تھا اور اس وقت اپوزیشن کے جلسے کی تاریخ نہیں آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگست کے وسط میں کورونا سب سے کم سطح پر چلا گیا تھا اور وہیں سے ہلکا ہلکا بڑھ رہا ہے، گزشتہ ہفتے کیسز میں 16 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ستمبر کے آخری 27 دن میں ایک دن بھی ایسا نہیں تھا جس میں 10 یا اس سے زیادہ اموات ہوئیں، اکتوبر کے پہلے 11 دن میں 4 روز میں اموات ہوئیں، اس لیے پاکستان میں کورونا بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے۔
اسد عمر کاکہنا تھا کہ دنیا میں ہر جگہ کورونا کی شدید دوسری لہر آئی ہوئی ہے، قیاس آرائیاں تھیں کہ سردیوں میں کورونا میں شاید اضافہ ہو، اب یورپ میں کورونا بڑھتا نظر آرہا ہے جس سے ہمیں بھی اس کے بڑھنےکا خدشہ ہے۔
اپوزیشن کے جلسوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی ایسی سرگرمی جس سے لوگوں کو کوئی روزگار نہ مل رہا ہو اور صحت کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے اس سے گریز کرنا چاہیے، اگربطور این سی او سی سربراہ کےسوچوں تو پی ٹی آئی کے لیاقت باغ کے جلسے سمیت تمام جلسوں پر پابندی لگادوں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہےکہ جلسوں پر نظر ثانی کریں، چاہے وہ پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور جماعت، ہم ایسا کام نہ کریں جس سے لوگوں کی صحت کو خطرہ ہو۔