دنیا
Time 17 اکتوبر ، 2020

سعودیہ نے کس طرح جدید ٹیکنالوجی سے حج کو کامیاب بنایا؟

— فائل فوٹو

سعودی وزیرحج وعمرہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ کس طرح سعودیہ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حج سیزن کو کامیاب بنایا۔

سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمدصالح بن طاہر بینتن نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے  کہا کہ اس سال حج تجربے کو بہتربنانے کے لیے سعودی حکومت نےجدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوران حج سیزن کرونا وباکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حج کے ہر مرحلے پر سخت احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا گیا اور اس کا آغاز حجاج کرام کو گھر میں قرنطینہ کرنے کے مرحلے سے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حج کے چوتھے سے آٹھویں دن تک کے لیے انسیٹیوشنل قرنطینہ متعارف کروایا۔ جس کے پیش نظر حجاج کوالیکٹرانک بریسلیٹ دیے گئے ساتھ ہی سماجی دوری کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔

سعودی وزیرحج کا کہنا ہے کہ متواتر دوسرے سال بھی وزارت نے اسمارٹ ایپلی کیشن کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کا استعمال کیا جس میں سفر کی تنظیم و انتظام سے متعلق عازمین کی خصوصی ضروریات کا خیال رکھا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ کارڈ ایپلی کیشن دراصل ہر حاجی کو دی جانے والی ڈیجیٹل شناخت ہے جس میں حاجیوں کی صحت، رہائشی معلومات ،گروپ ممبران کی تعداد، مختص کی جانے والی بس اور بیڈ سے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں۔

محمد صالح بن طاہر کا کہنا تھا کہ اسمارٹ کارڈ براہ راست وزارت کی نگرانی اسمارٹ حج ایپلی کیشن سے منسلک ہے اور یہ حاجیوں کو ان کےخصوصی پروگرام ،پوائنٹس جمع کرنے اور روانگی اوقات جاننےمیں مدد فراہم کرتی ہے۔

مزید برآں سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر حج سیزن کے دوران مملکت کو مختلف چیلنجز سے نمٹنا پڑتا ہے لیکن 2020 کے سیزن نے وزارت کو ایک بے مثال امتحان میں ڈال دیا تھا۔ لیکن خدا کا شکر ہے سعودی حکومت ایک بے مثال اور غیر معمولی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئےکرونا وبا سے نمٹنے میں کامیاب رہی۔

مزید خبریں :