Time 19 اکتوبر ، 2020
بلاگ

قصہ فلاں فلاں کا!

فوٹو: فائل

امام جی، 26 مہینے ہو چکے انتخابات کو، ڈیڑھ دو سال ہوئے نااہلی، سزاؤں کو، 11 ماہ سے آپ لندن میں، پوچھنا یہ، آپ جس فلاں فلاں پرخود کو نااہل کروانے، سزائیں دلوانے، الیکشن ہروانے کے الزامات لگا رہے، اُسی فلاں فلاں کو چند ماہ پہلے 3 سالہ سروس ایکسٹینشن ووٹ کیوں دیا؟

امام جی، پچھلی 3 تقریروں میں آپ کے 2 الزام، مجھے فلاں فلاں نے نااہل کروایا، سزائیں دلوائیں، فلاں فلاں نے مجھے ہروایا، امام جی، پہلا الزام، اگر یہ مان لیں فلاں فلاں نے آپکو نااہل کروایا، سزائیں دلوائیں، پھر یہ بھی ماننا پڑے گا کہ فلاں فلاں اِس مشن پر پچھلے تیس 35 سال سے لگے ہوئے تھے اور آپ نے خاندان سمیت فلاں فلاں سے بھرپور تعاون کیا، کیسے، ایسے کہ فلاں فلاں نے آپ سے کک بیکس، کمیشن، کرپشن کا پیسہ، ہنڈی، حوالہ کے ذریعے باہر بھجوایا، فلاں فلاں نے آپ کا سعودی عرب، یو اے ای، قطر، برطانیہ کے درمیان تمام پیسہ، بینک ٹرانزیکشنز، رسیدوں، ریکارڈ کے بنا گھمایا، فلاں فلاں نے آپ کی دبئی میں کمپنی بنائی، آپ کو اُسی کمپنی میں ملازم رکھا، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے بحیثیت وزیراعظم اقامہ رکھا، فلاں فلاں نے آپ کو بتا دیا تھا کہ بظاہر اقامہ لینے سے ویزے کے جھنجھٹ سے جان چھوٹ جائے مگر اندر خانے اقامہ ہو تو منی لانڈرنگ کی کھلی چھٹی۔

فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے برطانیہ میں اتنی جائیدادیں بنا لیں کہ ایک برطانوی اخبار کو آپ کو ’پینٹ ہاؤس بحری قذاق‘ کا لقب دینا پڑا، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے اپنے دونوں بیٹوں کو غیرملکی کر دیا، فلاں فلاں نے 5 براعظموں میں آپکی جائیدادیں بنوائیں، فلاں فلاں نے پاناما لیکس کروائیں، فلاں فلاں کے کہنے پر بیٹی مریم نے ٹی وی پر یہ تاریخ ساز جھوٹ بولا ’’بیرون ملک کیا میری تو اندرون ملک کوئی جائیداد نہیں‘‘۔

فلاں فلاں کے کہنے پر بیٹے حسین نے ٹی وی پر آکر فرمایا، الحمدللہ ہماری بھی جائیدادیں اور مریم کی بھی، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے بحیثیت وزیراعظم 3 جھوٹی ٹی وی تقریریں کیں، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے قومی اسمبلی میں ’’جناب اسپیکر یہ ہیں وہ ذرائع‘‘ والا جھوٹ بولا، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے سات آٹھ ماہ قومی اسمبلی پاناما لیکس پر ٹی او آرز نہ بننے دیے، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا کہ ’’پاناما لیکس پر انکوائری کریں‘‘۔ فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے یہ بیان بھی دے دیا کہ ’’میں کیا میرے بچوں پر بھی الزام لگا، میں گھر چلا جاؤں گا‘‘۔

فلاں فلاں کے کہنے پر بیٹی مریم نے سپریم کورٹ میں جعلسازی کی، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے قطری خط دو نمبری کی، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنائی، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے کیلبری فونٹ چتر چالاکی کی، فلاں فلاں کے کہنے پر سپریم کورٹ نے آپکو نااہل کردیا (یہ علیحدہ بات کہ اُس فلاں فلاں کی سپریم کورٹ میں اتنی چلتی ہوتی تو ایکسٹینشن کا کیس سپریم کورٹ نہ پہنچتا)۔

فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے اپنی منی ٹریل غائب کر دی، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے 5 فورمز پر کسی کو نہ بتایا کہ پیسہ آیا کہاں سے، پیسہ کمایا کہاں سے، بچے ارب پتی کیسے ہو گئے؟ فلاں فلاں کے کہنے پر ایون فیلڈ، العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسز سماعتوں کے دوران آپ نے 400 سوالوں میں سے 350 سوالوں کے جواب ہی نہ دیے، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ کو انوکھی سہولتیں ملیں، اندرون و بیرون ملک دوطبی ریلیف ملے، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ علاج کیلئے لندن پہنچے، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے اُسی حکومت کی جڑیں کاٹنا شروع کردیں۔

جس نے رحم کھا کر آپ کو لندن علاج کیلئے بھیجا، فلاں فلاں کے کہنے پر آپ کو عدالتوں نے اشتہاری قرار دے دیا، امام جی، اب بات یہ، چند دن پہلے آپ جن فلاں فلاں پر صدقے واری جارہے تھے، آج اُنہی فلاں فلاں پر یلغار، اب یا تو جیسے اوپر بتایا، جو کچھ ہوا، ویسے ہی ہوا، تب ہی غصہ یا پھر غصہ اِس بات کا کہ فلاں فلاں کے سامنے آپ کا فلاں فلاں ترلہ، منت پروگرام، فلاں فلاں قاصدسب ناکام ہوگیا۔

امام جی، آپ کا دوسرا الزام، فلاں فلاں نے مجھے دھاندلی سے ہرایا، فلاں فلاں نے میرا مینڈیٹ چوری کرایا، چلو یہ مان لیتے ہیں لیکن جب بقول آپ کے فلاں فلاں کے کہنے پر الیکن کمیشن کا آر ٹی ایس نظام بیٹھ گیا، جب فلاں فلاں کے کہنے پر ووٹ گنتی کے وقت دھاندلی ہو گئی تھی، جب فلاں فلاں کے کہنے پر آپ کو ہروا دیا گیا تھا تب آپ نے کس فلاں فلاں کے کہنے پر انتخابی نتائج کا بائیکاٹ نہ کیا؟ کس فلاں فلاں کے کہنے پر اسمبلیوں میں بیٹھے؟ کس فلاں فلاں کے کہنے پرحلف اٹھانے سے انکار نہ کیا؟

کس فلاں فلاں کے کہنے پر آپ نے ابھی تک عدالتوں، الیکشن کمیشن ٹربیونلز، قومی اسمبلی دھاندلی کمیٹی کسی فورم پر بھی دھاندلی کے ثبوت نہ دیے؟

امام جی، یہ کون فلاں فلاں کہ جب آپ کا کوئی کیس عدالتوں میں آتا ہے تو آپ کو یہ فلاں فلاں ایک ثبوت دینے دے نہ ایک گواہ پیش کرنے دے؟ یہ کون فلاں فلاں کہ آپ کو یہ یقین ہو انتخابات جعلی مگر آپ کو انتخابی نتائج منوا کر اسمبلیوں میں بیٹھنے پر مجبور کردے؟ یہ کون فلاں فلاں جس کے کہنے پر کبھی آپ ڈان لیکس کو سچ تو کبھی جھوٹ مان لیتے ہیں؟

یہ کون فلاں فلاں جس کے کہنے پر کبھی آپ کہہ دیتے ہیں کہ دھرنوں کے پیچھے کوئی نہیں تھا، کبھی کہہ دیتے ہیں کہ دھرنوں کے پیچھے فلاں فلاں؟ یہ کون فلاں فلاں جس کے کہنے پر آپ مشرف سے حلف لے لیں، اسکا نام اسی سی ایل سے نکال دیں، اسے باہر بھجوا دیں اور پھر روز اسے طعنے دیں؟یہ کون فلاں فلاں جس کے کہنے پر آپ میثاق جمہوریت بھی کر لیتے ہیں اور مشرف سے ڈیلیں بھی، امام جی، جس فلاں فلاں کے آپ خلاف، یہی وہ فلاں فلاں ہے جوعمران، قادری دھرنوں سے آپ کی حکومت گرانے کیخلاف تھے، یہ وہی فلاں فلاں جس نے Rejectedوالا ٹوئیٹ واپس لیا۔

باقی چھوڑیں، امام جی چلویہی بتادیں، 26 مہینے ہوگئے انتخابات کو، ڈیڑھ دوسال ہوئے نااہلی، سزاؤں کو، 11 ماہ ہوگئے آپ کو لند ن پہنچے ہوئے، یہ اچانک کیا ہوا کہ جس فلاں فلاں پر نااہل کروانے، سزائیں دلوانے، الیکشن ہروانے کے الزامات لگا رہے، اسی فلاں فلاں کو چند ماہ پہلے آپ نے 3سالہ سروس ایکسٹینشن ووٹ کیوں دیا؟


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔