دنیا
Time 19 اکتوبر ، 2020

آذری فوج کے ہاتھوں آرمینیا سے آزاد کرائے گئے علاقے میں اذان کی گونج

فوٹو: اسکرین گریب

آذربائیجان کی فوج کے ہاتھوں آرمینیا کے قبضے سے آزاد کرایا گیا علاقہ جبرائیل ’اللہ اکبر‘ کی صداؤں سے گونج اٹھا۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر 27 ستمبر سے چھڑپیں جاری ہیں اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر کی گئی گولہ باری اور میزائل حملوں میں اب تک 700 کے قریب فوجی اور سول شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز دونوں ممالک کے درمیان دوسری مرتبہ عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا جس کے بعد دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ رک گیا۔ 

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اردو میں لکھا کہ ’آرمینیائی قبضے سے آزاد ہوئے آذربائیجان کے جبرائیل میں دی گئی ’اذان‘ کی پہلی آواز۔‘

علی علی زادہ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ آذری فوج نے آرمینیا سے آزاد کرائے گئے شہر ’فضولی‘ میں آذربائیجان کا قومی پرچم لہرا دیا۔

اس کے علاوہ آذری سفیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے یہ بھی بتایا کہ آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کے قبضے سے جبرائیل کے 13 علاقے آزاد کرا لیے ہیں۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک متنازع سرحدی علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں، 'نگورنو کاراباخ' کا علاقہ باضابطہ طور پر آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کے نسلی گروہ نے 1990 کی جنگ میں آرمینیا کی مدد سے یہاں قبضہ کرلیا تھا اور اب یہ آرمینیائی فوج کے کنٹرول میں ہے۔

آرمینیائی اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان اکثر اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رواں سال جولائی میں بھی اسی طرح کے ایک تصادم میں دونوں جانب کے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :