Time 19 اکتوبر ، 2020
پاکستان

صفدر کیخلاف مقدمے کا مدعی خود دہشتگردی کی عدالت کا مفرور ہے: مریم کا دعویٰ

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی خود دہشت گردی کی عدالت کا مفرور  ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں ہمارے کمرے کے دروازے کو کسی نے زور سے پیٹنا شروع کر دیا تھا، شوہر کو کہا کہ ہمارا دروازہ کوئی کھٹکھا رہا ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کمرے کا دروازہ کھولا تو پولیس نے ان کو کہا کہ آپ کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صفدر نے پولیس کو کہا کہ کمرے میں میری اہلیہ ہیں، آپ اندر نہ آئیں لیکن اس کے باوجود پولیس والوں نے دروازے کا لاک توڑا، کیپٹن  ریٹائرڈ صفدر کو کمرے سے ادویات اٹھانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مجھے فون کر کے کہا آپ ہماری مہمان ہیں اور میں اس واقعے پر شرمندہ ہیں، بلاول بھٹو پولیس ایکشن پر غصے میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی ہے لیکن میں سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمے کا مدعی وقاص احمد خان خود دہشت گردی کی عدالت کا مفرور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے کس کو ڈر لگتا ہے، اچھی طرح جانتی ہوں، مادر ملت کو عزت دو کے نعرے سے کس کو ڈر لگتا ہے، یہ بھی اچھی طرح جانتی ہوں، سب سمجھتی ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے جو سوال اٹھائے ہیں تو کیا اس کا جواب یہی ہے کہ غداری کے پرچے کاٹ دو، ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو۔

مزید خبریں :