22 اکتوبر ، 2020
جب کسی کے قریبی رشتہ دار دنیا سے رخصت ہو جائیں تو لواحقین کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے کفن دفن کا انتظام کچھ کیا جائے اور جس حد تک ممکن ہو جنازے کو ادب و احترام کے ساتھ آخری آرام گاہ تک پہنچایا جائے۔
لیکن اب مصر میں ایک ایسی کمپنی بھی قائم ہو گئی ہے جو انتقال کرنے والے لوگوں کی آخری رسومات کے انتظامات کرنے کی خدمات فراہم کرتی ہے۔
مصری کمپنی معاوضے کے عوض متوفی کے کفن سے لیکر قبر کی کھدائی اور تدفین کے علاوہ اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کرنے کی خدمات انجام دے رہی ہے۔
مصر کے چند لوگوں کی جانب سے قائم کی گئی کمپنی ’سوکنا‘ نے 'آپ نے زندگی میں ان کی عزت و احترام کیا اور ہم ان کے مرنے کے بعد ان کا اکرام کر رہے ہیں' کا سلوگن اپنایا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی احمد جاب اللہ نے بتایا کہ انہیں جنازوں کے انتظامات کے لیے کمپنی بنانے کا خیال 2005 میں اس وقت آیا جب ایک دوست کے والد انتقال کر گئے اور فوتگی کے بعد انہیں اور ان کے خاندان کو میت کو غسل دینے اور دیگر امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احمد جاب اللہ کا مزید کہنا تھا نے کہا کہ انہوں 7 سال قبل اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر یہ کمپنی قائم کی، اور ہم نے پیشہ وارانہ بنیادوں پر میتوں کی آخری رسومات کے انتظامات سنھبالے۔
ان کا کہنا تھا ہم جنازوں کو غسل دینے اور کفن دفن کے علاوہ فوت ہونے والے شخص کے ایصال ثواب کے لیے دیے جانے والے صدقات و خیرات کو مستحق لوگوں تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی انجام دیتے ہیں۔
مصری کمپنی کے شریک بانی نے بتایا کہ ان کی کمپنی اب تک 340 مُردوں کی تدفین کے انتظامات میں ان کے لواحقین کی مدد کر چکی ہے اور مصر کے 10 مختلف اسپتالوں سے ان کے معاہدے بھی ہو چکے ہیں۔
احمد جاب اللہ کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مشن بلا تفریق اور بلا امتیاز شہریوں کو تدفین کی سہولت فراہم کرنا ہے، اگر کسی میت کے لواحقین کو نماز جنازہ کے لیے کسی عالم دین کی تلاش میں مشکل کا سامنا ہو تو وہ جنازے کے لیے پیش امام یا اگر متوفی عیسائی ہو تو پادری کا انتظام کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی خاندانوں کو قبر کی جگہ کے حصول میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں تو ہماری کمپنی قبر کی جگہ کے حصول میں بھی مدد فراہم کرتی ہے اور ان سب خدمات کے لیے ہم معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کے نامور ادیب، شاعر اور مزاح نگار انور مسعود کا ایک مشہور قطعہ بھی ہے کہ
آپ کرائیں ہم سے بیمہ چھوڑیں سب اندیشوں کو
اس خدمت میں سب سے بڑھ کر روشن نام ہمارا ہے
خاصی دولت مل جائے گی آپ کے بیوی بچوں کو
آپ تسلی سے مر جائیں باقی کام ہمارا ہے