دنیا
Time 23 اکتوبر ، 2020

’جہاز میں دہشتگرد موجود ہے’، دماغی مریض نے ہلچل مچادی

فائل فوٹو

بھارت میں جہاز میں سوار ہونے والے ایک دماغی مریض نے حکام کی دوڑیں لگوادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ گوا سے نئی دہلی جانے والی پرواز میں پیش آیا جس میں ائیر انڈیا کی پرواز میں موجود ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ جہاز میں ایک دہشتگرد موجود ہے، مسافر کے دعوے کے بعد جہاز میں ہلچل مچ گئی اور جہاز کو لینڈ کرا کے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق جس مسافر نے جہاز میں دہشتگرد کی موجودگی کی اطلاع دی وہ دماغی طور پر صحتمند نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مسافر نے پہلے خود کو اسپیشل سیل کا افسر ظاہر کیا اور اس کے بعد جہاز میں موجود مسافروں کو بتایا کہ پرواز میں ایک دہشتگرد موجود ہے جس کے بعد پرواز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا، اس مسافر کے دماغی علاج سے متعلق میڈیکل ہسٹری موجود ہے۔

پولیس نے ملزم کو مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا اور مجسٹریٹ نے اس کے دماغی معائنے کا حکم دیا جس کے بعد مسافر کی دماغی صحت کی جانچ کے بعد اسے ایک نفسیاتی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

مزید خبریں :